اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہراسگی اور موٹروے ریپ کیس کی پیروی پر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے وزارت قانون کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر فالو اپ کر کے ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔
عمران خان نے کہا ہے شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے ، ریاست ہر صورت ان کیسز کی پیروی کر کے ملزمان کو سخت سزائیں دلوائے گی اور اس طرح کے بھیانک جرائم میں ملوث عناصر اعتدال پسند معاشرے اور انصاف کے نظام کے لیے چیلنج ہیں ۔
قبل ازیں وفاقی حکومت نے عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد اور جنسی ہراسگی کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملکیہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد کیس میں ہونے والی پیش رفت کے بعد وزارت قانون و انصاف میں وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت قانون و انصاف مذکورہ کیس کی خود پیروی کرے گی ۔
ملکیہ بخاری نے کہا تھا کہ خاتون کو برہنہ کرنے کی ناقابل تردید ویڈیو اور فرانزک بطور ثبوت ریکارڈ پر موجود ہے، ایسے عمل کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیئے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملائیکہ بخاری اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔