اسلام آباد: (دنیا نیوز) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان کوفون کرکے لاہورمیں دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون میں لاہورمیں 20 جنوری کو ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کی اور متاثرین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی جبکہ پاکستانی قیادت، حکومت اورعوام کے ساتھ اظہاریکجہتی بھی کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے تعزیت اور حمایت پرابوظہبی کے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملوں کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان متواتراورخوشگواربات چیت برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، علاقائی اورعالمی امورپرقریبی روابط جاری رکھنے کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔