لسبیلہ: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب ! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں۔
لسبیلہ میں کنونشن میں حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جب حق کی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں آپ کا سیاست میں کیا کام ہے، عمران خان کبھی کہتے ہیں پاکستان میں چین جیسا نظام لے کر آئیں گے۔ کبھی کہتے ہیں ایران جیسا انقلاب ہونا چاہیے تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔ ان کی شکلیں دیکھو اور ریاست مدینہ کی باتیں دیکھو۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ہمیں معلوم ہے آپ آئین کے ساتھ کس طرح مذاق کررہے ہو، پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا، ملکی معشیت تباہ ہے خارجہ پالیسی کی بات ہی نہ کریں۔
امیر جمعیت علمائے اسلام ف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں مرغیاں پالو، انڈے بیچو، کہتے ہیں مجھے نکالا میں خطرناک بن جاؤں گا، ہمیں آپ سے کوئی خاطرہ نہیں، ہم نے آپ کو پہلے بھی کچھ نہیں سمجھا، اب بھی کچھ نہیں سمجھتے۔