راولپنڈی:(دنیا نیوز) بلوچستان میں دہشتگردوں نے نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسزکے کیمپوں پرحملے کئے، جوابی کارروائی میں 4 ملک دشمن جہنم واصل ہوگئے جبکہ 1 جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے بلوچستان میں پنجگوراورنوشکی میں کیمپوں پر حملے کی کوشش کی،نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا جبکہ پنجگور حملے میں ایک جوان وطن پر قربان ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں دہشتگردوں نے 2 اطراف سے سکیورٹی فورسز کیمپ میں داخلے کی کوشش کی، فورسز کے بروقت ردعمل کی صورت میں دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی اور پنجگور میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں جس سے مکانات کے شیشے ٹوٹ گئے۔
صوبہ بلوچستان کے شہرنوشکی کے بازار اور پنجگور گھوڑا چوک کے قریب دھماکے ہوئے جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ دھماکوں سے مکانات کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکوں کے بعد فائرنگ بھی جاری رہا۔