اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پشاور دھماکا المناک، یہ ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، ہلاکتوں کی بڑی تعداد ہے، اس پر جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں، خودکش حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی، خودکش حملہ آور نے ایک پولیس اہلکار کو مار کر مسجد میں داخل ہوا، دوسرا پولیس اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگیا، اسپتال میں ٹھیک دیکھ بھال ہوگی، اس حادثے کا کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا، المناک حادثےکی پورا ملک مذمت کرتا ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران خان نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ محمود خان نے صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد سیف اور کامران بنگش کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے کاموں کی نگرانی کریں۔
محمود خان نے آئی جی خیبرپختوںخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے جتنی کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔