اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد اُسے ناکام بنانے کے لیے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہو گئے۔
وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ایم کیو ایم رہنماؤں میں وفاقی وزیر فروغ نسیم، وفاقی وزیر امین الحق، جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کو پہنچایا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت کی اتحادی جماعت کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے واضح کہا کہ پیپلز پارٹی غلط بیانی کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیرسگالی کاپیغام لےکر ایم کیوایم پاکستان کے پاس گئے تھے اور وہ پیغام تھا کہ آپ ہمارےدوست ہیں ساتھ چلتےرہیں گے۔ ایم کیوایم وفد کے ساتھ خوشگوارماحول میں بات ہوئی اور ہماری اتحادی جماعت سےملاقات مثبت اورمفید رہی ہے جبکہ وفد میرا پیغام ایم کیوایم پاکستان قیادت تک پہنچائےگا۔