عمران نیازی نے عدم اعتماد کی کامیابی کا پیشگی اعلان کر دیا: شہباز شریف

Published On 08 April,2022 11:11 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی جھوٹ نہ بولیں، خط عوام کو دکھائیں، اقتدار کے غم میں عمران نیازی پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہا ہے، وزیراعظم نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا پیشگی اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے قومی سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اقتدار سے چمٹا شخص خوددار نہیں، صرف خودغرض ہے، اپنے کھوئے ہوئے اقتدار کے غم میں عمران نیازی پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہا ہے، عمران نیازی نے کل کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا آج پیشگی اعلان کر دیا ہے، وزیراعظم خط کے معاملے پر جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں، عوام کو بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں، سپریم کورٹ نے تمام شواہد دیکھنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی قرار د ے کر کالعدم کیا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بھوک، افلاس، نفرت پھیلانے والے عوام میں شوق سے جائیں، عمران نیازی آرٹی ایس سے اقتدار میں آئے تھے، عوام نے انہیں مسترد کیا تھا، پارلیمنٹ، عدالت، حکومت، سیاست میں ہارنے کے بعد ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، اتحادی اور عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا بوجھ مزید اٹھانے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی آئین کے مطابق عدم اعتماد کا مقابلہ کریں، وزیراعظم کے جھوٹ کا جواب پارلیمنٹ ہاﺅس میں ووٹنگ کی شکل میں دیں گے، پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو ایک شخص کی ضد، تکبر اور دھونس کا یرغمال نہیں بننے دیں گے۔

 

Advertisement