جنوبی وزیرستان: فورسز کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 2 دہشتگرد ہلاک، میجر، سپاہی شہید

Published On 12 April,2022 09:41 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، 2 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، فائرنگ کے تبادلے میں میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 11 اور 12 اپریل کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 30 سالہ میجر شجاعت حسین اور نصیر آباد کے 27 سالہ سپاہی عمران خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی مزید دہشت گرد کی موجودگی اور اس کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جا ری ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر افسروں اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے میجر اور جوان کی شہادت پر افسوس اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ‏جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے لڑتے اور مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے قوم کے بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان کو ان کی عظیم قربانی پر قوم سلام پیش کرتی ہے، ہمارے شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے پختہ عزم کا ثبوت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے، آمین!۔

بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زردار نے پاک فوج کے میجر اور جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان کو سلام، پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج کے افسران و جوان مادرِ وطن کے لیے شہادتیں دے رہے ہیں، یہ شہادتیں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے مکمل چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پوری قوم کے حوصلے بلند اور پرعزم ہیں۔

مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہو جانے والے قوم کے بیٹوں کو سلام، اللّہ تعالی میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان کی شہادت قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے پیاروں کو صبر عطا فرمائے۔

 

Advertisement