مظفر آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے پیر تک پولنگ روک دی جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا، متحدہ اپوزیشن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 14ویں وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے ممبر اسمبلی عبد الماجد خان نے تحریک پیش کی تو تحریک کو روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے اسے آئندہ کے لئے موخر کرنے پر اصرار کیا، خوب بحث کے ساتھ جہاں اجلاس جاری رہا تو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے وقفے کے ساتھ ہی اسپیکر نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو انتخاب کی کاروائی آگے بڑھانے کی رولنگ دی جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے شیڈول جاری کردیا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اس معاملے کو لے کر پہلے ہی سے ہائی کورٹ کا رخ کر چکی تھیں تو دوپہر 2 بجے جسٹس شاہد بہار اور سردار اعجاز نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انتخاب کی کارروائی کو پیر تک موخر کرنے کا حکم سنایا۔
پی ٹی آئی کی طرف سے اسمبلی اجلاس پر ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کو سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں چلینج کردیا گیا، سپریم کورٹ کے جج جسٹس خواجہ نسیم نے حکم امتناعی کے خلاف در خواست پر ابتدائی سماعت کی، ابتدائی سماعت کے بعد کل صبح 10 بجے تک سماعت ملتوی کر دی جبکہ کل اپیل کی سماعت فل کورٹ کرے گا۔