ڈیرہ اسماعیل خان:(دنیا نیوز) حساس اداروں اور پاک فوج نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق حساس اداروں اور پاک آرمی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں مشترکہ آپریشن کیا، یہ آپریشن 15 اور 16 اپریل کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا، آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے، جن کی شناخت خلیل اور احسان عرف دیوا کے نام سے ہوئی، خلیل خود کش جیکٹس اور دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔
دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 مشین گنز کے علاوہ 4 گرینیڈ برآمد کرلئے گئے، ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں 11 اپریل کو پولیس کے 5 جوانوں کی شہادت کا واقعہ بھی شامل ہے جبکہ یہ دہشت گرد آٸی ای ڈیز حملوں سمیت پولیو ٹیم پر حملے اور بھتہ خوری میں بھی مطلوب تھے۔