وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے، گورنر پنجاب کی رپورٹ

Published On 24 April,2022 01:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت عارف علوی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی ہے جس میں کہا ہے کہ صوبے کی وزارت اعلی کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے ، الیکشن کالعدم قرار دیا جائے، وزیراعلی بزدار کا استعفی بھی متنازع ہے، گورنر آفس کو عثمان بزدار کا استعفیٰ موصول ہی نہیں ہوا۔

گورنرپنجاب کی وزیراعلی کے انتخاب بارے تحفظات پر مبنی رپورٹ صدرمملکت کو موصول ہو گئی، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت کو چھ صفحات پر مبنی رپورٹ ارسال کی ہے، جس میں پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلی کے انتخاب کی آئینی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

گورنر پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا ،وزیراعلی کے انتخاب کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے ، پولیس کو خلاف رولز ایوان میں داخل کیاگیا، ارکان اسمبلی کوووٹ دینے سے روکا گیا ، ووٹنگ آئین کے سیکینڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار اختیار کرکے کروائی گئی ، رولز 21 آف بزنس کے مطابق سپیکر نے نتائج سے آگاہ کرنا ہوتاہے ، گور نر کا وزیراعلی کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہوتاہے۔

رپورٹ میں درج مزید نکات کے مطابق عثمان بزدار کا استعفی بھی متنازعہ ہے ، آئین کے آٰرٹکل 130 سب سیکشن آٹھ کی خلاف ورزی کی گئی ، گورنر آفس کو وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفی کبھی موصول نہیں ہوا ، گورنر کو جب استعفی موصول ہی نہیں ہوا تو اسکو منظور کیسے کرسکتاہے ، وزیراعلی کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے۔ بیان کردہ حقائق کی روشنی میں میری آئینی طورپر رہنمائی کی جائے ، مجھے تجویز کیاجائے کہ اس صورتحال میں مجھے کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔
 

Advertisement