لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ سازش ہمیشہ کامیاب لوگوں کے خلاف ہوتی ہے، نا اہلوں کے خلاف نہیں، عمران نیازی نے آئین پر خود کش حملہ کیا، اسی لیے عدالتیں رات بارہ بجے کھلیں، عمران خان اگلا الیکشن فکس کرنے کے خواہشمند، ن لیگ خوفزدہ نہیں، اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہی ہوگا، اقتدار سے نکلنے والے دھاڑیں مار رہے ہیں، یہ جلد دھمکی آمیز جھوٹا خط دکھا کر چوک، چوراہوں پر بھیک مانگیں گے۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے اور ہمت کو سلام، کھوکھر برادران کی وفاداری کو سلام، مجھے یاد ہے کھوکھر ہاؤس کی دیواروں کو توڑا گیا تھا، کھوکھر برادران نے انتقام کے باوجود نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑا، عمران جیسے نا اہل سے پاکستان کے عوام کی جان چھوٹ گئی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہے عزت اور ذلت دے، کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اللہ نے نواز شریف کوعزت دی اور کوئی وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھا ذلیل ہوگیا، عوام نے پہلی دفعہ ووٹ کے ذریعے اٹھا کر باہر پھینکا، نواز شریف نے لندن سے تمہاری حکومت ختم کی، آگے، آگے دیکھنا نواز شریف تمہاری سیاست کو بھی دفن کر دے گا، یہ ہمیشہ سے جھوٹ بولتا ہے، اس کا نام جھوٹوں کا بادشاہ ہونا چاہیے، عوام اس کے جھوٹوں کے مقابلے میں سچ سننا چاہتے ہیں، ہر حلقے میں جا کر اس کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔
مریم نواز نے سابق وزیراعظم پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کہتا تھا گھبرانا نہیں ہے، جب سے اقتدار گیا خود دھاڑیں مار مار کر روتا ہے، پچاس لاکھ گھر مکمل نہیں ہوئے، صرف زمان پارک کا گھرمکمل ہوا، جب آخری اوور کا موقع آیا تو یہ پویلین سے باہر ہی نہیں نکلا، میدان چھوڑ کر الٹے پاؤں بھاگ گیا، مقابلہ کرنے کے لیے اس نے اپنے غنڈوں کو بھیجا، قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کی گئی، غنڈہ گردی سے میرا سرشرم سے جھک گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آخری دنوں میں اس نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، تمہارے لیے بارہ بجے عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ تم نے آئین پر خودکش حملہ کیا تھا، تمہارے ذاتی ملازم صدر، اسد قیصر، قاسم سوری، گورنر پنجاب نے حلف سے غداری کی، اس لیے بارہ بجے عدالتیں کھلی تھیں، کل نہیں تو پرسوں حمزہ شہباز حلف اٹھا کر رہے گا، تمہارا خیال تھا عدالتیں تمہارا منہ دیکھتی رہیں گی، شکر کرو ابھی عدالت نے فیصلہ دیا تمہیں سلاخوں کے پیچھے نہیں پھینکا۔
ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام حربے ناکام ہوگئے تو جعلی خط اٹھا کر لے آیا، قومی سلامتی کمیٹی سے منہ توڑ جواب ملا، اس کی سازشی خط کی ٹیں، ٹیں سن کر دماغ پک گیا ہے، سازش تو نواز شریف کے خلاف ہوتی ہیں، کیا عمران خان جیسے ناکام شخص کے خلاف کسی کو سازش کی ضرورت ہے، اگلے بائیس سال یہ سازشی خط لیکر پھرتا رہے گا، یہ اب چوکوں میں سازشی خط دکھا، دکھا کر پیسے مانگا کرے گا، توشہ خان، توشہ خور خط چھوڑ کر کارکردگی دکھاؤ، سازش چھوڑ اپنی رپورٹ کارڈ دکھاؤ، توشہ خان، توشہ چور سے عوام نے آٹا، چینی مانگی تو کہا ابسولیٹلی ناٹ، بڑی سنگدلی سے کہتا تھا آلو، ٹماٹر کا ریٹ بتانے نہیں آیا، بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک عوام کی ٹیکس کی کمائی کا ایک ارب پھونک دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ یہ بول رہا ہو تو آواز بند کر دیتی ہوں، آج اس کے ورکرز کنونشن میں پچاس میڈیا والے بیٹھے تھے، یہ اسلام آباد میں 20 لاکھ لوگوں کو لانے کی بات کر رہا ہے، آج پتا نہیں اول، فول بک رہا تھا، مولانا طارق جمیل سے ادب سے کہتی ہوں عمران کو سمجھائیں مذہب کے بارے ایسی باتیں نہ کرے، کوئی ہے جو اس نفسیاتی مریض کو لگام اور پاگل خانے کی بس پر بٹھا کر آئے، یہ اتنا بڑا پاگل ہے کہ پاگلوں کو بھی پاگل کر دے گا، کہتا ہے عید پر گلے ملنا تو حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا، وزیراعظم کی کرسی کو مال بنانے کے لیے استعمال کرتا رہا، شرم کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ جب اصل حقیقت سامنے آئی تو اداروں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیا، خود کہتا ہے فوج کو کچھ نہیں کہنا اور اپنے لوگوں کو گالیاں نکالنے کا کہتا ہے، دنیا کا پہلا پاگل دیکھا اس لیے رو رہا ہے کہ اداروں نے آئین کا ساتھ کیوں دیا، اگر ادارے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں تو اچھی بات ہے، عمران کو مرچیں اس لیے لگ رہی ہیں اس نقل کی عادت پڑگئی ہے، اب کوئی نقل کرانے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ہونگے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ضمنی الیکشن سے ہارنے والے ڈر رہے ہیں، جلدی، جلدی الیکشن کرانے کا مطلب عمران تقرریوں میں مداخلت کر کے اگلا الیکشن فکس کرنا چاہتا ہے، اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، شہباز شریف نے دو ہفتوں میں وہ کام کر دیئے جو 200 سالوں میں بھی نہیں کرسکتا، شہباز اسپیڈ نے دو ہفتوں چینی، گھی، آٹا سستا کر دیا، ایک ہے عمران اسپیڈ، آٹا، چینی، کھاد، گھی کو مہنگا کر دیا گیا، عمران اسپیڈ میں فرح کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔
چاہے سارا ٹبر ہسپتال پہنچ جائے، حکومت ن لیگ ہی بنائے گی: حمزہ شہباز
قبل ازیں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عمران خان کو کھلاڑی کے بجائے اناڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا ایک ماہ سے پنجاب کا کوئی والی وارث نہیں، جب حلف کی باری آتی ہے تو صدر چھٹی پر چلے جاتے ہیں، گورنر بیمار پڑ جاتے ہیں، یہ تماشا زیادہ نہیں چلے گا، چاہے سارا ٹبر ہسپتال پہنچ جائے، حکومت ن لیگ ہی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے کہا شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ابھی تو توشہ خانہ کا حساب دینا ہوگا، فارن فنڈنگ میں اس نے اپنے ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے منگوائے، نیازی صاحب اب بنی گالہ کے پہاڑ سے نیچے اتر کرعوامی عدالت میں حساب دینا ہوگا، اب نیازی صاحب بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا، کہتا ہے بہن علیمہ نے سلائی مشینوں کی کمائی سے اربوں کی پراپرٹی بنائی، ایسی کونسی سلائی مشین ہے جس سے اربوں کی پراپرٹی بن جاتی ہے، نیازی نے چار سال جھوٹ کی ڈگڈی بجائی، اللہ نے دوبارہ نواز شریف، شہباز شریف کو عزت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسائل گھمبیر، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات کام کریں گے، پنجاب کے عوام کا وزیراعلیٰ نہیں خادم ہوں، آپ کے پیار نے ورکرز کنونشن کو جلسہ بنا دیا، عمران نیازی فکر نہ کرو جہاں تم وہیں پر میں اور مریم جلسہ کر کے جواب دیں گے، سیاست کے میدان میں جھوٹ کا مقابلہ سچ سے کر کے دکھائیں گے۔