جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر 'کرائم منسٹر' کو اقتدار سونپنا بڑی سازش ہے: عمران خان

Published On 03 May,2022 04:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر "کرائم منسٹر" کو اقتدار سونپنا بڑی سازش ہے، پاکستان کا وقار آزادی اور خودمختاری سے ہی وابستہ ہے، غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے، وقت آن پہنچا ہے آپ آگے بڑھیں اور حقیقی آزادی کی تحریک میں دست و بازو بنیں۔

عید الفطر پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا قوم کو ماہِ صیام کی تکمیل اور عیدِ سعید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ رب العزت آپ کے قیام و صیام کو شرفِ قبولیت عطا فرمائیں، حصولِ تقویٰ کیلئے اہلِ ایمان کی محنت بار آور ثابت ہو، رب کائنات کی پیدا کردہ نعمتوں میں سے فکر و عمل کی آزادی سب سے بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منتخب جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر رسوائے زمانہ مجرموں کو 40 ارب کی منی لانڈرنگ میں ملوث ”کرائم منسٹر“ کی سربراہی میں اقتدار سونپ دیا گیا، اس ذِلّت آمیز سازش کا واحد مقصد پاکستان کو خودمختاری کی راہ سے روک کر غلامی کی ڈگر پر چلانا تھا، سازش کے ذریعے اس حکومت کو سزا دینا تھا جو ایک آزاد خارجہ پالیسی بنانے کی جسارت کررہی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا میرا ایمان ہے کہ ہم غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر کبھی گامزن نہیں ہوسکتے، پاکستان کا وقار مطلق آزادی و خودمختاری ہی سے وابستہ ہے، عہد ہے کہ جب تک مادرِ وطن کو سامراج کی مداخلتوں، شرارتوں اور سازشوں سے پاک کرکے حقیقی آزادی و خودمختاری نہیں دلوا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس مقصد کے حصول کیلئے ایک پرامن مگر بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔

 چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ماہِ رواں کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ کے عنوان تلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب پُرامن فیصلہ کن ”غلامی نامنظور مارچ“ ہوگا، میں جلد اس تاریخی مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، قائد کی آزاد قوم کے ایک فرد کے طور پر آپ بھی اس تاریخی جدوجہد میں شرکت کے لیے خود کو عملی طور پر تیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو امریکا میں متعین پاکستانی سفیر کی جانب سے ہمارے دفترِ خارجہ کو ایک خفیہ مراسلہ موصول ہوا، بطور وزیراعظم اس خفیہ مراسلے کے مندرجات دیکھ کر مجھے شدید حیرت ہوئی، امریکی حکام نے تمام سفارتی آداب بھلا کر پوری ڈھٹائی و تکبر سے ایک آزاد و خودمختار ریاست پاکستان کی اندرونی سیاست میں کھلی مداخلت کی، امریکیوں نے تحریک عدمِ اعتماد کے ذریعے ”وزیراعظم“ کو ہٹانے کا حکم، نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، مراسلے پر وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کی تصدیق اور ڈپٹی اسپیکر کی واضح رولنگ کے باوجود نہایت تیزی سے حکومت کا تختہ الٹا گیا۔

عمران خان نے کہا آزادی کی حقیقی قدر و منزلت کا ادراک ان اقوام کو ہوتا ہے جنہیں غلامی جیسی ذلت کا سامنا رہتا ہے، 1947میں رمضان کی ستائیسویں بابرکت شب غلام ہندوستان میں غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو آزادی جیسی نعمت میسر ہوئی،تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد پر براہِ راست حاکم سامراج آزادی کے بعد بھی ہم پر غلامی کے سائے رکھنے پر بضد رہے، مجھے سامراج کی ان سازشوں کو عملاً دیکھنے کا موقع ملا۔
 

Advertisement