'عمران خان کے دو فون سیالکوٹ میں چوری کر لئے گئے'

Published On 16 May,2022 05:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے دو فون سیالکوٹ میں چوری کرلئے گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز گل نے لکھا کہ سیالکوٹ میں ایک طرف جان بوجھ کر عمران خان کو کوئی سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی اور دوسری طرف ان کے دو فون چوری کئے گئے۔

سابق معاون خصوصی نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بالکل بوکھلا گئے ہیں، عمران خان نے جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونوں سے نہیں ملنا، عمران خان کے جلسہ گاہ جانے کے بعد ایئرپورٹ سے فون چوری کروائے گئے۔

 عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم، پولیس اورایف سی کے 94 اہلکار تعینات

 وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی، پولیس اورایف سی سمیت 94 اہلکار حفاظتی فرائض سر انجام دیں گے۔

وزارت داخلہ کے مراسلہ کے مطابق عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کیلئے پولیس اورایف سی کے چورانوے اہلکارتعینات ہیں جن میں اسلام آباد پولیس کے 22 ، ایف سی کے 72 ، خیبرپختونخوا پولیس کے 36 اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ جی بی پولیس کے 6 اہلکاروں کے علاوہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کے 35 اہلکار بھی بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ عمران خان کی اسلام آباد سے باہر موومنٹ پر پولیس کی 4 گاڑیوں پر 23 اہلکار تعینات ہیں۔ رینجرر کی ایک گاڑی اور 5 اہلکار انکے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی مخصوص اطلاع ہے تو وہ شیئر کریں۔ وزارت داخلہ، عمران خان سے حاصل شدہ معلومات اورشواہد کی روشنی میں مزید اقدامات کرے گی۔

Advertisement