تازہ ترین
  • بریکنگ :- عوام کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوش ہوں،شیخ رشید

پی ٹی آئی کا حمزہ کی وزارت اعلیٰ ختم کروانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنیکا اعلان

Published On 18 May,2022 08:41 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کی رائے کے بعد حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ ختم کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وززیراعظم عمران خان کے زیر صدارت زمان پارک میں مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں فواد چودھری، مونس الہٰی، سبطین خان، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری، ڈاکٹر مراد راس سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کے خلاف آئینی آپشنز کا گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان کے زیر صدات اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت منحرف ارکان کے ووٹ شمار نہ ہونے سے حمزہ شہباز کے پاس صرف 172 ووٹ رہ گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کو 173 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

اجلاس میں تین آپشنز زیر غور آئے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی حکومت ختم ہو چکی، جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

ادھر تحریک انصاف کی سینئر لیڈرشپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے بھی ملاقات کی اور سپریم کور ٹ کے فیصلے کے بعد آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں آئندہ آئینی اور قانونی آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی متحرک ہو گئے، پیپلز پارٹی کے رہنما سید حسن مرتضٰی، سید علی حیدر گیلانی اور مخدوم عثمان احمد محمود نے ملاقات کی جبکہ قمر زمان کائر ہ بھی حمزہ شہباز سے ملے۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ پہلے بھی ہر اقدام آئین اور قانون کے مطابق کیا، آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے، عمران نیاز ی اور اس کے حواریوں نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔