اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو پرامن اجتماع کا حق دیتا ہے،ادارے امپورٹڈ سرکار کی خواہشات پر نہیں آئین پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کی۔
پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو پرامن اجتماع کا حق دیتا ہے، شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق بھی دستورِ پاکستان ہی دیتا ہے، ریاست اورادارے امپورٹڈ سرکار کی خواہشات پر نہیں آئین پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزدل امپورٹڈ سرکاراقتدارکی ڈوبتی کشتی کو بچانے کیلئے آئین کو روندنا چاہتی ہے، بوکھلاہٹ کی شکار حکومت انتخابات میں التواء کیلئے ملک میں فساد کی خواہاں ہے۔