اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے راستوں کی بندش اور گرفتاریوں کے خلاف عدالت پہنچ گئی جس کے بعد درخواست سماعت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقرر کرلی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممکنہ گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کے خلاف درخواست دائر کر دی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ اور پولیس کو گرفتاریوں اور راستوں کی بندش سے روکے جبکہ کیٹینر لگا کر روڈ بلاک کرنے سے بھی انتظامیہ کو روکا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے اور پرامن ریلی کے انعقاد سے نا روکا جائے، درخواست زیر التوا ہونے کے دوران ملک میں پر امن ریلیاں کرنے کے خلاف کسی ایکشن سے روکنے کی بھی استدعا کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عامر محمود کیانی نے درخواست دائر کی، جس میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ منگل کو کیس کی سماعت کریں گے۔