لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے دوسرے روز بھی پولیس کا کریک ڈاؤن جاری رہا، اہم رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے گھروں پر چھاپے مارے گئے ، سینیٹر اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید کو گرفتار کر لیا گیا ،کراچی میں ایم این اے آفتاب جہانگیر کے بھتیجے کو حراست میں لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی دوسرے روز بھی پکڑ دھکڑ، گھروں اور دفاتر پر پولیس کے چھاپے ، کہیں رہنما تو کہیں کارکن دھر لئے گئے۔ لاہور میں پولیس نے ایکشن کے دوران سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو جوہر ٹاؤن سے گرفتار کر لیا گیا۔ میاں محمود الرشید وفاقی کالونی میں میٹنگ کے بعد نکلے تو پولیس نے گھیراؤ کر لیا ، پولیس کے مطابق اُنہیں سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، پولیس نے ایک اور کارروائی میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چودھری کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اعجاز چودھری کے مطابق سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے اُنہیں ماڈل ٹاؤن سے گرفتار کیا۔
کراچی میں بھی پولیس متحرک رہی، ایم این اے آفتاب جہانگیر کی گرفتاری کیلئے ڈیفنس میں کارروائی کی گئی مگر وہ گھر پر موجود نہ تھے۔ پولیس نے ایم این اے کے بھتیجے اور سمیر بلوچ سمیت 7 کارکنان کو حراست میں لے لیا، زیر حراست کارکنان دھرنے کی پلانگ کررہے تھے، ادھرکلفٹن پولیس نےشاہ رسول کالونی سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر پرویز خان کو پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا۔