اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ہفتے چیف الیکشن کمشنر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازسے ہدایت لیتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کوساتھ ملا کردھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔
کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جب تک زراعت ٹھیک نہیں ہوگی تب تک ملکی سیکیورٹی خطرے میں ہے، زراعت دنیا کا ایشوہے، یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے قحط کا خوف ہے، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے گندم کی شارٹیج اورقیمتیں بڑھیں گی، اللہ نے پاکستان کوبے شمارنعمتوں سے نوازا ہے، پاکستان صرف زراعت پرتوجہ دے توملکی دولت میں اضافہ ہوسکتا ہے، آج کسانوں کے بُرے حالات ہیں، اگرکسانوں کے حالات ٹھیک نہ کیے گئے تو پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، عمران خان امپورٹڈ حکومت سے مجھے زیادہ امید نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے 60 روپے پٹرول، فی یونٹ بجلی 10 روپے بڑھا دی گئی، مہنگائی کا کسانوں پربہت اثر پڑے گا، اگر کسانوں کو ٹارگیٹڈ سبسڈی نہ دی تو فوڈ سکیورٹی ایشو بنے گا، کسانوں کی مدد تحریک انصاف کے منشورمیں شامل ہے، پاکستان میں خوشحالی زراعت کے ذریعے آئے گی۔ ہماری حکومت نے کسانوں کوسبسڈی دی تھی، سیڈ، کاٹن، ڈی اے پی، یوریا پر ہم نے سبسڈی دی تھی، دنیا سے پانچ فیصد کم قیمت پر ہم یوریا بیچ رہے تھے، آج یوریا کی بوری کی قیمت بڑھ گئی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں فصلوں کی ریکارڈ پیداوارہوئی، کسانوں کو کہتا ہوں اُمید کرتا ہوں جلدی الیکشن ہو گا، امریکیوں نے اپنی پالیسیوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے ہمارے اوپر مسلط کیا، ملک میں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، پچھلے دوماہ میں بجلی کی قیمت اورلوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا، یہ حکومت ملکی بہتری کے لیے نہیں لائی گئی، یہ تومہنگائی کم کرنے آئے تھے انہوں نے ساڑھے 3 سال مہنگائی کا ریکارڈ توڑ دیا، یہ جن کے غلام ہیں ان کا ایجنڈا پورا کرنے آئے ہیں، بھارت امریکا کا اتحادی ہونے کے باوجود روس سے سستا تیل لے رہا ہے، ان میں جرات نہیں روس سے سستا تیل خریدیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وزیرخزانہ کہتا ہے روس ہمیں آ کر کہے تیل خریدو، یہ عوام کے لیے اقتدارمیں نہیں آئے، بھارت تیل، ہتھیار بھی روس سے لے رہا ہے لیکن غلاموں کو اجازت نہیں، بھارت نے روس سے سستا تیل لیکر 25 روپے لٹر کم کیا، بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پرخرید رہا ہے، یہ صرف اپنے نیب، ایف آئی اے کرپشن کیسز ختم کرانے آئے تھے، تحقیقات کرنے والے ڈاکٹر رضوان، نوید، گلزار بھی ہارٹ اٹیک سے مر گئے، نیب کے اوپر اب شہبازشریف بیٹھ گیا ہے، بلے کودودھ کی رکھوالی کے لیے بٹھادیا گیا ہے، زرداری کے بھی سارے کیسزختم ہوں گے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتا ہے ہر ہفتے چیف الیکشن کمشنر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازسے ہدایت لیتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، انہوں نے ہم سب پرمقدمات درج کروائے ہیں، یہ مافیا کا پرانا طریقہ کارہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں 30 سال بعد گروتھ ریٹ بہترہو، پچھلے دوسالوں میں پاکستان کی دولت میں اضافہ ہوا تھا، کسانوں نے بھی میرے ساتھ مل کرحقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، جب کال دوں گا توآپ سب نے باہرنکلنا ہے۔ آج صحافیوں کوفون کرکے دھمکیاں دی جاتی ہیں، یہ جمہوریت نہیں ہے، واشنگٹن سے جوحکم آئے گا انہوں نے ماننا ہے، ہم ان کے خلاف سیاست نہیں جہاد کر رہے ہیں، ان کے لیڈرزکے اربوں ڈالربیرون ملک پڑے ہیں، یہ پیسوں کے غلام ہیں۔
جے یو آئی شیرانی گروپ کا پی ٹی آئی سے مذہبی، سیاسی اتحاد کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) شیرانی گروپ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے مذہبی اور سیاسی معاملات پر اتحاد کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے، جے یو آئی شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران قاسم سوری، شاہ محمود قریشی، پیر نور الحق قادری، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت شیرانی گروپ کا 25 رکنی وفد بھی موجود تھا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی اور شیرانی گروپ کے مابین سیاسی اتحاد پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جماعتوں کے مابین باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے، سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے، دونوں جماعتوں کے مابین رفاقت کو باہمی روابط و مشاورت سے نتیجہ خیز ایجنڈے کی صورت میں ڈھالیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں، ارفع مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد سیاست کا امتیاز ہے، تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلیٰ سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا
عمران خان نے سپریم کورٹ میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔
سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز کو خارج کیا۔الیکشن کمیشن کا منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز خارج ہوئے۔ الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کیلئے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن اور راجہ ریاض کو فریق بنایا ہے۔