اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، چینی وفد کی قیادت نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر مسٹر وانگ شیاؤ بنگ اور سی ای او نورینکو انٹرنیشنل (پاکستان) مسٹر لی چن نے کی۔
وزیراعظم سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر، چودھری سالک حسین، مشیر وزیراعظم احد چیمہ موجود تھے،وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اعلامیہ نے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق نورینکو کمپنی پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہیں، اورنج لائن ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی یہ پہلی بار تھا کہ جی ٹو جی پروجیکٹ یعنی لاہور اورنج لائن میں کھلی بولی لگائی گئی،سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ مزید مذاکرات سے 600 ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔
وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
چینی وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاروباری دوست پالیسیوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنایا۔
نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع میدان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔