اسلام آباد: (دنیا نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئر مین نور عالم خان نے عالمی مارکیٹ میں کم ہوتی قیمتوں کے پیش نظر ملک میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی سفاشر کر دی۔
پی اے سی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نور عالم خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کم ہوئی ہے۔ جب قیمت عالمی مارکیٹ میں کم ہوتی ہے تو ہمارے ملک میں کم کیوں نہیں ہوتی؟۔ جب قیمت عالمی مارکیٹ میں زیادہ ہوتی ہے اِدھر بڑھتی ہے مگر کم ہونے کے ساتھ کم نہیں ہوتی۔
نور عالم خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں دو بار واضح کمی آچکی ہے جب کہ حکومت نے قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کر دیا۔ وزارت خزانہ، پٹرولیم ڈویژن اور حکومت سے درخواست ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی۔
کمیٹی رکن شیخ روحیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں 50 روپے لیٹر کے مساوی کمی آچکی ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت سے سیلز ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
نور عالم خان نے کہا کہ نیب کے افسران کو اپنےا ثاثوں کی تفصیلات تو دینا پڑیں گی۔ ایک محکمے نے کہا کل عید ہے، اس لیے نہیں آ سکتے جبکہ عید تو 10 جولائی کو ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ محکمہ نیب ہوگا، جس پر نورعالم خان نے کہا کہ جی نیب ہی ہے۔ انہوں نے نیب افسر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو بتائیں کہ کل کمیٹی میں آئیں۔ نیب افسران کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات تو دینا پڑیں گی۔