پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف نے خوشخبری سنا دی

Published On 10 July,2022 05:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی عوام مسائل حل ہونگے۔ دو ہفتوں بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت مزید مضبوط ہوجائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے عید الاضحیٰ کے پہلے روز لاہور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دو ہفتوں بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت مزید مضبوط ہوجائے گی، پنجاب پہلے بھی مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا اب بھی مسلم لیگ کی پوزیشن مضبوط ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو مفت ادویات کیں کینسر کی ادویات فری ملنا شروع ہوچکی ہیں جو پی ٹی آئی کے دور میں بند کردی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ چند ماہ سے شدید قانونی و آئینی بحران رہا اس کے باوجود پنجاب میں ن لیگ کی حکومت نے، محنت کرکے معاملات کو سنبھالے ہیں۔ سابقہ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت ناانصافیاں کیں غلط کیسز بنائے گئے لیکن ہم کچھ ایسا نہیں کریں گے بعد میں شرمندگی ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو جس برے طریقے سے برباد کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اگر ہم بڑے ایکشن نہ لیتے اور عوام کےلئے سر جوڑ کر نہ بیٹھتے تو ملک دیوالیہ ہوسکتا تھا۔ قائد نوازشریف کی قیادت میں ان کی ہدایات پر چلتے ہوئے ملک کو سنبھالا ہے۔ پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی عوام مسائل حل ہونگے۔

Advertisement