آرمی چیف کراچی پہنچ گئے، بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ

Published On 12 July,2022 09:52 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب سے براہ راست کراچی پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی عرب سے براہ راست کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے استقبال کیا۔ اسی دوران سپہ سالار نے حالیہ بارشوں سے کراچی کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کوسیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور کراچی میں سول انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے مکمل تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کیلئے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فارمیشنز کے بروقت ردعمل کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کور کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ عوام کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے تمام تر کوششوں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

 
Advertisement