ملتان:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوامی ولولہ ن لیگ کی فتح کی نوید ہے،17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا، لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے، انتشار اور بدتمیزی بہت ہوچکی، خدا کے واسطے اب ملک کو ترقی کرنے دیں، پی ٹی آئی کے نوجوان اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، ہمارا ساتھ دیں۔
ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے غریب کے لیے 100 یونٹ فری کیے، یہ فٹا فٹ 100 مفت یونٹ روکنے کے لیے عدالت چلا گیا، کوئی بات نہیں 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دیں گے، کسانوں کوچھوٹے بلاسود قرض دیں گے، پنجاب کے ٹیوب ویلوں کو سولر پر شفٹ کریں گے، نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ دیں گے، وعدہ کرو، 17 جولائی کو شیر پر مہر لگانا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان والو، سلمان نعیم کو مبارکباد دیتی ہوں، ملتان کا جذبہ بتا رہا ہے سلمان جیت چکا ہے، ملتان اولیا کرام کی دھرتی ہے، کل شہباز شریف نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، خواتین کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر خون بڑھ گیا ہے، ملتان کے عوام کی محبت کو کبھی نہیں بھولوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بہت ضروری باتیں کرنی ہیں درمیان میں چھوڑ کر نہ جانا، قیمتیں کم ہونے پر اڑھائی، 3 ماہ بعد سکون کی نیند سوئی، آج نواز شریف نے کہا قوم کو خوشخبری سنانا، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر مزید کم کریں گے، عمران خان بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، مسلم لیگ نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں، آنے والے دنوں میں قوم کے لیے اچھی خبریں آئیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان کی سڑکوں پر وافر مقدار میں سستا آٹا مل رہا ہے، انشا اللہ 17 جولائی کو معرکہ ہونے جارہا ہے، ملتان سے شیر کی آواز آئے گی، مسلم لیگ کے ساتھ یاری نبھاؤ گے ناں،17 جولائی کو الیکشن نہیں پنجاب کو لوٹنے والوں کے ساتھ جنگ ہے، خیبرپختونخوا بارشوں میں ڈوبا ہوا ہے، یہ پنجاب میں روز جھوٹ بول کر چلا جاتا ہے، میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، 2018 میں جھوٹے شخص نے جنوبی محاذ کا ڈرامہ رچایا تھا، اس نے جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا تھا، اس نے کوئی نیا سکول، ہسپتال نہیں بنایا، خدارا عمران قوم سے جھوٹ مت بولو، جنوبی پنجاب کو اس نے تنہا چھوڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کہتا ہے امریکا نے سازش کردی، سپریم کورٹ نے سازش کا بھانڈہ پھوڑ دیا، اس سازش کی آڑ میں اس نے پورے پاکستان میں انتشار، آگ پھیلانے کی کوشش کی، ہمیں چور، ڈاکو کہا گیا، چیئرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرتا رہا لیکن چور، ڈاکو ثابت نہ کرسکا، الزام لگانا آسان لیکن ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، کھسیانی بلی والا منہ لٹکا کر کہتا ہے طاقت ور قانون سے بالاتر ہوتا ہے، جب سے حکومت سے نکلا روز اس کا سکینڈل آتا ہے، نواز شریف نے سی پیک بنایا اس نے جی پیک بنایا، سارا پنجاب کا پیسہ ان کی جیبوں میں گیا، راتوں رات لکھ پتی سے ارب پتی ہوگئے، اس کی آدھی کابینہ امپورٹڈ تھی، جیسے ہی اقتدارگیا اس کی آدھی کابینہ غائب ہوگئی، اس کے امپورٹڈ راتوں رات بھاگ گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ادارے اس کی انگلی پکڑ کر چلائیں تو اچھے، جس دن ادارے آئین کا ساتھ دیں تو غلط ہوجاتے ہیں، آج الیکشن کمیشن قانون کے تحت چل رہا ہے تو برا ہوگیا، عدالتیں سوموٹولیتی ہیں تو بڑی تکلیف ہوتی ہے، اس نے اسلامی کارڈ بھی کھیلا، اس نے ہم سب پر توہین مذہب کے الزام لگائے، اس نے جھوٹے الزامات لگوا کر احسن اقبال پر گولیاں چلوائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئین شکن کہتا ہے اسلامی ٹچ تو دو، سیاست میں مذہب کو استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا، اپنی جماعت کا نام تحریک انصاف رکھا ہے، نہ تحریک ہے نہ انصاف ہے، اس نے انصاف کے نام پر بڑے بڑے دھبے لگائے ہیں، جسٹس قاضی فائز کو اس نے انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان تمہیں شرم آنی چاہیے نام رکھا ہے تحریک انصاف، نواز شریف کو چورکہا اور اقامہ نکالا، قوم کو ملے ہوئے تحفے بیچ کر کھا گیا اور دندناتا پھر رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا، میرا قصور مظلوم باپ کے ساتھ کھڑے ہونا تھا، سزائے موت کی چکی میں باتھ روم کی دیوار نہیں تھی، جب جیل میں قرآن پاک کے لیے ٹیبل مانگی تو انکار کیا گیا، آج عمران خان کو جوابی ٹویٹ میں کہا کیا سزائے موت کی چکی کی تصویریں بھجوا دوں؟، جب ہم کہتے تھے تاریخ کا پہیہ گھومتا ہے اس وقت تم فرعون بنے پھرتے تھے، اپنی ہار نظر آنے پر کہتا ہے ایکس، وائے، زیڈ ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی وہ ہوتی ہے جب باپ، بیٹا جیل سے الیکشن لڑے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب ہمارے امیدواروں کو (ن) لیگ کا ٹکٹ چھوڑنے کا کہا جائے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب نواز شریف، مریم کی تقریر پر پابندی لگتی ہے، یہ تو دندناتا پھرتا ہے اور تقریریں کرتا ہے، پنجاب اور تحریک انصاف کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں یہ فتنہ بازی کے لیے آپ کو استعمال کر رہا ہے، اس کے اپنے بچے لندن بیٹھے ہیں، ایسا شخص نوجوانوں کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، اس نے نوجوانوں کو ایندھن کی طرح استعمال کیا، ایسا شخص قوم کا ہمدرد نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتی، ملک آگے بڑھنا چاہیے، نرم مزاج ہوں لیکن جہاں قوم کی بات آئے گی منہ توڑ جواب دینا آتا ہے، لوگوں کو چور، چور ڈاکو کی گردانیں پڑھاتا رہا، ہم نے تین نسلوں کا جواب دیا، یہ کہتا ہے میرے تحفے میری مرضی، میں تو پنجاب کی ترقی کے لیے ووٹ مانگ رہی ہوں، یہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کے لیے ووٹ مانگ رہا ہے، تحریک انصاف والو شیر کو مت ووٹ دینا لیکن اپنا ووٹ عمران کو دے کر ضائع نہ کرنا، بہت ہوگئی بدتہذیبی خدا کے واسطے ملک کو ترقی کرنے دو، تحریک انصاف کے نوجوانوں کو کہتی ہوں آؤ مریم نواز کا ساتھ دو۔
عوامی جوش و خروش فتح کی نوید، 17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوامی جوش و خروش ن لیگ کی فتح کی نوید ہے، 17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی، مخالفین کو میدان سے بھگا کر دم لیں گے، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔
پی پی 168 لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سب کو لندن سے نواز شریف کا سلام، ملک اسد کھرکھر شیروں میں آگیا ہے اب شیر بن کر دکھائے گا، شیروں کو شیروں کے ساتھ ہونا چاہیے گیدڑوں کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے پر چین کی نیند سوئی، لاہور والو مبارک ہو مشکل وقت گزر گیا، اب ہر آنے والے دنوں میں اچھی خبریں آئیں گی، 17 جولائی کو لاہورمیں چار سیٹوں پر الیکشن ہے، لاہور نواز شریف کا تھا اور رہے گا، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ آج ملتان میں میرا آخری جلسہ ہوگا، رات 12 بجے الیکشن کمپین ختم ہوجائے گی، پچھلے 4 سال لاہور یتیم اور لاوارث بھی تھا، نالائق کی مزید حکومت رہتی تو لاہور کو کھنڈر بنا دیتا، اب لاہور ترقی کے ریکارڈ بنانے والوں کے پاس آگیا ہے، شہباز شریف نے دن رات کرکے پنجاب کوسجایا تھا، کسی نے مذاق میں کہا تھا کہ اگر کسی کے دانتوں میں خلا ہو تو شہباز شریف وہاں بھی پُل بنا دے گا، لاہور کی ترقی بند ہوگئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں لاہور کی سڑکیں ایک، ایک ماہ صاف نہیں ہوتی تھیں، حمزہ شہباز نے دوبارہ لاہور کو صاف ستھرا بنا دیا ہے، میں تو فخر سے بھائی حمزہ کی کمپین کر رہی ہوں، یہ آج لاہور آرہا ہے اس سے پوچھنا تمہارا وزیراعلیٰ کہاں ہیں؟ چار سال کٹھ پتلی بزدار بیٹھا رہا کسی ایک جلسے میں اسے دیکھا؟، عثمان بزدار نے کچھ کیا ہوتا تو لاہور منہ دکھانے آتا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان خود سب سے بڑا کٹھ پتلی تھا، عمران خان نے عثمان بزدار کو کٹھ پتلی رکھا ہوا تھا، آج تو عمران بزدار کے لیے ووٹ نہیں مانگ رہا، آج عمران اس کے لیے ووٹ مانگے گا جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا، یاد رکھنا شیر اور بلے کی جنگ نہیں ہے، یاد رکھنا یہ لاہور، پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے، ہم یہ جنگ چھین کرلیں گے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ شہباز شریف نے میٹرو بس بنائی تو اسے جنگلہ بس کہتا تھا، تھوک کر چاٹ کر وہی جنگلہ بس پشاور میں بنائی، عمران خان چار سال مہنگائی کے پہاڑ توڑتا رہا تمہارا قیمتیں کم کرنے سے کیا تعلق؟ نواز شریف نے مجھے آج کہا اگر اسی طرح تیل کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو دو ہفتے بعد مزید کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور والو وعدہ کرو 17 جولائی کو گھروں سے باہر نکلنا ہے، شیر پر مہر لگانی ہے، شیر پر مہر لگاؤ آپ کی زندگیوں میں بہاریں واپس لائیں گے، پی پی 168 کا جذبہ بتارہا ہے 17 جولائی کو شیر دھاڑے گا، جنگ سمجھ کر 17 جولائی کو باہر نکلنا ہے، ملک اسد کھرکھو کو جتوانا ہے، نواز شریف اور ہم مرتے دم تک لاہور سے وفا نبھائیں گے، ہسدے رہو آباد رہو لاہوریوں، ملتان جلسے میں بڑی ضروری باتیں کروںگی تقریر ضرور سننا۔