لاہور: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ پنجاب عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیاہے۔
پی پی 158 میں جھگڑے سے متعلق بیان میں وزیر داخلہ عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ لاہورمیں جھگڑے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس نے تشدد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے کارکن کا سر پھاڑدیا۔ انہوں نے کہا کہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی پی 158 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احسن شرافت پر امن رہے، کسی کو امن عامہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ حلقہ پی پی 158 میں ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی وجہ تنازع دھرم پورہ پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے روکنا بتایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا کہ انہیں پولنگ سٹیشن کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے۔