اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کو تمام نتائج موصول ہو گئے، 20 حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آوٹ 49.69 فیصد رہا۔
پاکستان تحریک انصاف 46.08 فیصد ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہی۔ مسلم لیگ ن نے 39.05 فیصد ووٹ حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ تحریک لبیک پاکستان 5 فیصد ووٹ حاصل کر سکی۔
بیس حلقوں میں ٹوٹل ووٹرز کی تعداد 45لاکھ 79 ہزار 898 تھی، الیکشن کمیشن کو 3131 پولنگ سٹیشن کے نتائج آر ایم ایس سسٹم کے ذریعے ملے۔پنجاب کا میدان کھلاڑیوں کے نام رہا، پی ٹی آئی 20 میں سے 15 نشستوں پر کامیاب ہو گئی۔ مسلم لیگ (ن) 4 حلقوں سے فاتح رہی، ایک آزاد امیدوار بھی جیت گیا۔
مسلم لیگ ن نے لاہور، راولپنڈی، بہاولنگر اور مظفر گڑھ سے نشستیں جیتیں۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان سے پی ٹی آئی نے فتح پائی۔ ساہیوال ، لودھراں، لیہ اور بھکر سے بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب رہے۔