لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر سپیکر اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے دوست مزاری کو بیوقوف آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پر آرٹیکل 6 لگتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپنی پارٹی کا 30 سال سے پنجاب کا صدر ہوں، پارلیمانی پارٹی کی نامزدگی کے بعد الیکشن لڑ رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے، دوست مزاری نے جو کچھ کیا توہین عدالت لگنی چاہیے، ڈپٹی سپیکر نے ایوان کے اندر کس قانون کے تحت پولیس کو بلایا؟۔
چودھری شجاعت حسین کے سوال پر پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ ان کی بات چھوڑیں، ڈپٹی سپیکر کی کریں، ڈپٹی سپیکرنے غداری کی آرٹیکل لگتا ہے۔
ق لیگی رہنما راجہ بشارت نے کہا کہ ان کو چھوڑیں چودھری شجاعت خط لکھنے کے مجاز نہیں، ان کی کوئی حیثیت نہیں، جب الیکشن مکمل ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے پھر جیب سے خط نکالا۔
خیال رہے کہ وزارت اعلٰی کے انتخاب کے لئے چودھری پرویز الٰہی کو حمزہ شہباز کے مقابلے میں ایک مرتبہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔