اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کیا اور بلوچستان میں لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں،پوری قوم اس حادثے پر انتہائی غم زدہ اور افسردہ ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گذشتہ روز سے لاپتہ ہے، آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پرمامور تھا، ترجمان پاک فوج کے مطابق کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے، ہیلی کاپٹر کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔