اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکا کی سازش کا الزام لگانے والا خود اسرائیل، برطانیہ، کینیڈا سے پیسے پکڑتا ہے، یہودی لابی نے عمران خان کا پروفائل بنانے کیلئے خیراتی ہسپتال بنا کر دیا، فارن فنڈڈ ایجنٹ نے 4 سال میں ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ آج صبح الیکشن کمیشن نے 8 سال کے بعد ایک فیصلہ سنایا ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اتنے زیادہ اختلافی مسئلے کے اوپر اتنا لمبا عرصہ کے فیصلے کی مثال نہیں ملتی، میاں نواز شریف کے اوپر ایک مقدمہ بنا جس میں بیٹے سے 10 ہزار تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا، سیاسیت سے نا اہلی ہی نہیں بلکہ ان کو اپنی پارٹی کی سربراہی سے بھی محروم کر دیا گیا، اس ہاؤس کے ممبران کو 5 سے 10 ہزار روپے پر تاحیات نا اہل کیا جا چکا ہے، آج ایک شخص کے خلاف فیصلہ آیا ہے جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین قررار دیا، آج الیکش کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ شخص فارن فنڈڈ ایجنٹ ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ وہ شخص ہمارے ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار ہے، عمران خان کا پروفائل بنانے کے لئے یہودی لابی نے اس کو لانچ کرنے کا پلان بنایا، یہودی سمجھتے تھے کہ ایٹمی پروگرام والا ملک ایسے کنٹرول نہیں ہوگا، کرکٹ کے بعد باقاعدہ اس کی لانچنگ کی گئی، اس سے بڑا خیراتی ہسپتال بنوایا گیا، الزام ہم پر امریکا کا لگاتا ہے، مال یہ اسرائیل امریکا سے پکڑتا ہے، اس نے اپنی جیبیں خالی رکھی نہیں، اس نے دوسروں کی جیبیں خالی کی ہیں، جس نے اپنے بچوں کو خرچ دینے کی بجائے برطانیہ پر چھوڑدیا ہے، آج الیکشن کمیشن نے ہمیں اس کا اصلی چہرہ دکھا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان سچا ہے تو فنانشنل ٹائمز کے خلاف کیس کرے، میں نے ایک کیس اس پر کیا ہوا ہے دس سال ہوگئے، ہمارا ملک ساڑھے تین سال اس نوسر باز کے ہاتھ چڑھا ہوا تھا، استعفے قبول کرنے کے لئے دیئے جاتے ہیں فریم میں لگانے کے لئے نہیں ہوتے، یہ آج بھی سرکاری گاڑیاں اور پارلیمنٹ لاجز استعمال کر رہے ہیں، میں نے ماضی میں کہا تھا کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے وہ درست ثابت ہوا، انہوں نے ثابت کیا کہ یہ بے شرم ہیں، یہاں مقصود چپڑاسی کے نعرے لگاتے تھے خود مقصود چپڑاسیوں کی فوج نکلے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں شروع ہوا جس میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ لسبیلہ حادثے کے باعث قوم سوگوار ہے جس میں چھ افسران و جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، یہ قوم کے بہادر بیٹے وطن پر قربان ہو گئے۔
اجلاس میں مولانا عبد الکبر چترالی نے لسبیلہ شہداء کیلئے قومی اسمبلی میں دعا کروائی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت بڑا نقصان ہوا ہے، بہت ہی بہادر اور تجربہ کار فوجی افسران نے جامِ شہادت نوش کیا، پچھلے کچھ روز سے ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، یہ فوجی بہادر افسران ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر حالات کا جائزہ لے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ستارے کور کمانڈر کوئٹہ فرائض سرانجام دے رہے تھے، ساری قوم اس سانحہ پر سوگوار ہے، جنرل سرفراز کا جس گاؤں سے تعلق تھا وہ میرے گھر سیالکوٹ سے 15 منٹ کی مسافت پر ہے۔
پروفیسر اسرار احمد نے نام لے کر کہا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لے کر آئے گی: ایاز صادق
قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو ہندوستان اور یہودی لابی لے کر آئی، میاں نواز شریف کو اپنے برخوردار سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا، یہاں عمران خان غلے سے پیسے نکالتے پکڑے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی سربراہ کی پوزیشن سے ہٹا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر اسرار احمد نے تیس سال پہلے کہا تھا اور نام لے کر کہا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لے کر آئے گی اور وہ پاکستان کو تباہ کرنے آئے گا، یہ تو وہ پیسے ہیں جن کا پتہ چلا ہے ابھی تو ہنڈی کے پیسے کا تو پتہ ہی نہیں، میں شروع سے جانتا ہوں عمران خان کو لوگوں کے پیسے خرچ کرنے کی عادت ہے، فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہو گیا ہے کہ ہندوستان اور یہودی لابی اسے لے کر آئی، ابھی تو توشہ خانہ کا ریفرنس بھی پڑا ہے، پی ٹی آئی کو فنڈنگ کرنیوالی لسٹوں میں ہندئوں اور فارن کمپنیز شامل ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ عارف نقوی کا برطانیہ میں کیس چل رہا ہے، امریکا انہیں وہاں سے اپنے ہاں منتقل کرنا چاہتا ہے، عارف نقوی کے ساتھ ان کے ساتھیوں کو بھی منتقل کیا جائے گا، عمران خان کا کیلیفورنیا کورٹ والے کیس میں ڈی این اے بھی کرایا جائے گا، اب کابینہ دیکھے گی اس میں منی لانڈرنگ، فیٹف قوانین میں آتے ہیں یا نہیں، یہ چوری کرتے پکڑے گئے اب دیکھنا ہے ان پر آرٹیکل 62 اور 63 لگتا ہے یا نہیں، امید ہے عمران خان فنانشل ٹائمز کیخلاف کیس کریں گے اگر نہیں کریں گے تو لگے گا کہ وہ ٹھیک تھے، جو کمپنیاں انہیں پیسے دیتی رہیں ان سے بھی پوچھا جائے گا، انہیں کیلیفورنیا کورٹ میں بھی جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا امریکا انہیں لے جائے گا اس لیے انہوں نے امریکا کیخلاف بولنا شروع کر دیا، نیب عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے بند کرنے کیلئے تجویز کردہ کیسز کو کھولے گا اور پاکستان کی عوام، پاکستان کی حکومت اور ادارے ان پر پورا ہاتھ ڈالیں گے۔