لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیر اعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کارروائی کےلیے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سپیشل سینٹرل عدالت کے جج نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا عدالت نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی ملکیتی اثاثے قرق کردیے۔
تحریری حکم میں کہا گیا سلیمان شہباز کی چنیوٹ میں 200 کنال زرعی اراضی قرق کردی سلیمان شہباز کی زرعی اراضی چنیوٹ میں واقع ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ریونیو افسر کو الگ سے مراسلہ جاری کیا گیا۔ت
تحریری حکم کے مطابق سلیمان شہباز کے 13 کمپنیوں میں شئیرز اور 29 بینک اکاؤنٹس بھی قرق کرنے کا حکم دے دیا۔تفتیشی افسر سیلمان شہباز کی دیگر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔اشتہاری ملزم طاہر نقوی کے ایک کمپنی میں 500شئیرز بھی قرق کردیے گئے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شہبازشریف حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کےلیے پیش ہونے کا حکم دے دیا عدالت نے سات ستمبر تک کاروائی ملتوی کردی۔