تربیلا ڈیم مکمل بھرگیا،58لاکھ 27 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ

تربیلا ڈیم مکمل بھرگیا،58لاکھ 27 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں موجود پاکستان کے بڑے ڈیموں سے ایک تربیلا ڈیم مکمل بھرگیا ہے۔ ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح ایک ہزار 550 فٹ ہے۔ تربیلا ڈیم میں اس وقت 58 لاکھ 27 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی وافر مقدار میں موجودگی ملک کے زرعی شعبے اور سستی پن بجلی کی پیداوار کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔ 1974ء میں اپنی تکمیل سے آج تک تربیلا ڈیم پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اس پراجیکٹ سے زرعی مقاصد کے لئے پانی مہیا کیا جاتا ہے، سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے اور نیشنل گرڈ کو سستی پن بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 58 لاکھ 26 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کا بھی سب سے بڑا پن بجلی گھر ہے۔ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا پن بجلی گھر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ ہوچکی ہے جبکہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد صلاحیت بڑھ کر 6 ہزار 418 میگا واٹ ہو جائے گی۔