وزیراعظم شہباز شریف اور فرانسیسی صدر کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

Published On 21 September,2022 12:04 pm

نیویارک: (دنیا نیوز)فرانس اور پاکستان کے درمیان سیلاب کے تناظر میں معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے تعاون پر اتفاق کر لیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور فرانس کے صدر کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فرانس رواں سال کے اختتام سے پہلے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور فرانس کے صدر کی ملاقات پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق فرانس اور پاکستان کے درمیان سیلاب کے تناظر میں معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے تعاون پر اتفاق کیا گیا، متعلقہ بین الاقوامی مالیاتی و ترقیاتی شراکت داروں کو اکٹھا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فرانس رواں سال کے اختتام سے پہلے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا، کانفرنس کا مقصد سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی و پائیدار تعمیر نو سے متعلق فنانسنگ ہے۔ کانفرنس کا مقصد قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو تیز کرنا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نمائندہ خصوصی جان کیری کی بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں اور اسکے اثرات پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement