شرقپور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) شیخوپورہ کی تحصیل شرقپور کے حلقے پی پی 139 میں پاکستان تحریک انصاف کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
خیال رہے کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے چودھری افتخار بھنگو 36435 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے تھے، پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری 34973 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ابو بکر شرقپوری نے دوبارہ گنتی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا جہاں پر ان کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے فائنل رزلٹ جاری کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2018ءکے عام انتخابات میں یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن نے جیتی تھی، اس وقت لیگی امیدوار جلیل احمد شرقپوری نے فتح کو گلے لگایا تھا، پنجاب میں نمبر گیم کی صورتحال کے دوران انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جس کے بعد ان کی جگہ پر ٹکٹ جلیل شرقپوری کے کزن ابو بکر شرقپوری کو دیا تھا۔