اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب امدادی پیکیج میں اضافہ کر رہی ہے۔ امریکا پاکستان کو امریکی بیف مارکیٹ تک رسائی کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے سفیر کا خیرمقدم کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہماری ترجیح زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو بازیاب کرنا اور بے گھر ہونے والے لوگوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد کرنا ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا کے عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب امدادی پیکیج میں اضافہ کر رہی ہے۔ امداد کے علاوہ وہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو وسعت دینے اور مضبوط تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں۔ امریکا پاکستان کو امریکی بیف مارکیٹ تک رسائی کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔
امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں کام کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں کپاس کے بیجوں کی اعلیٰ پیداوار والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منتظر ہے۔ وفاقی وزیر نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب میں کپاس اور کھجور کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے سرفہرست 10 ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔