گوجرانوالہ: ( دنیا نیوز ) خصوصی عدالت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس میں ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ملزم نوید مہر کو انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کا چہرہ ڈھانپ کر عدالت لایا گیا۔
پولیس نے ملزم نوید سے تفتیش کے لئے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی، خصوصی عدالت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس میں ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
ملزم نوید کو فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے پکڑا گیا تھا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین ریاست کی جانب سے پیش ہوئے، خصوصی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔