صدر مملکت اور وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی الوداعی ملاقاتیں

Published On 28 November,2022 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقاتیں کیں۔

صدر مملکت اور آرمی چیف ملاقات

 صدر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوان صدر میں ملاقات کی، صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ،انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوں گے۔

وزیراعظم اور آرمی چیف ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی، وزیراعظم نے آرمی چیف کی خدمات کو سراہا اور ان کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سپہ سالار میں خوشگوار انداز میں گفتگو اور باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ معاملات پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم نے آرمی چیف کی ملکی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب منگل کو ہوگی

 پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل بروز ( منگل ) کو جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو ) میں منعقد ہوگی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے 16ویں آرمی چیف ہیں جبکہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کی کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف ہیں۔

خصوصی تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول اور فوجی افسران شریک ہوں گے، علاوہ ازیں وفاقی وزرا، سفارتکار، اعلیٰ شخصیات اور صحافی بھی تقریب میں مدعو کئے گئے ہیں، اس موقع پر نئے آرمی چیف کو سلامی پیش کی جائے گی۔

 

----

Advertisement