آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا، خواجہ سعد رفیق

Published On 05 December,2022 09:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کہا ہے کہ آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا۔

وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے جماعتی بلدیاتی انتخابات میں عوام نے حکمران جماعت پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کر دیا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا، مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 توسیع دینا غلطی تھی تو جنرل (ر) باجوہ کو دوبارہ پیشکش ہی کیوں کی گئی؟ سعد رفیق

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ توسیع دینا غلطی تھی تو جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو دوبارہ پیشکش ہی کیوں کی گئی؟، عمران خان ایک دن مذاکرات کی بات کرتے ہیں، دوسرے روز کہتے ہیں مذاق کیا تھا، ایسے میں ان سے کون بات کرے گا، پی ٹی آئی چیئرمین سیاسی یتیم بن چکے ہیں، اب نہیں کوئی سہولت کار ملیں گے اور نہ ہی کوئی جہاز ملے گا۔


خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بقول ن لیگ کی حکومت تو صرف 27 کلومیٹر پر مشتمل ہے ، عوام جس کی کارکردگی دیکھیں گے اسے ووٹ دیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ دو صوبوں کی حکومت تو چلا کر دکھائیں، ایک دوسرے کے گریبان پھاڑ کر ملک نہیں چلتے، انہیں کس چیز کی جلدی ہے؟ انہوں نے کون سی آگ بجھانی ہے؟ انہوں نے تو ابھی دیکھا ہی کچھ نہیں، ہم نے بہت بھگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی 46 کوچز پاکستان آئیں گی جبکہ 56 کوچز پاکستان پہنچ چکی ہیں، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، ریلوے انجنوں کے لیے چینی اور امریکی کمپنیوں سےبات ہوئی تھی، ریلوے کے وسائل بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، پچھلے 4 سال میں ریلوے کے لیےکچھ نہیں کیا گیا۔