اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا واحد مقصد دباؤ بڑھا کر نااہلی اور گرفتاری سے بچنا ہے، فرد واحد کی ضد کے تابع 2 صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کروائے گئے تو ان کے نتائج متنازعہ رہیں گے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئی حکومت اپنے انتخاب کا جواز ڈھونڈتے اپنی ٹرم اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کر دے گی، استحکام کے لئے غیر متنازعہ انتخابات کا انعقاد لازم ہے، نااہلی اور گرفتاری سے ڈرنے کی بجائے مقدمات کا عدالت میں سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سچے ہیں تو ڈر کیسا، قومی اسمبلی میں آئیں، سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کر کے ہی راستہ نکلے گا، ذاتی مفادات کے لئے اسمبلیاں توڑنا ڈکٹیٹرز کی روایت ہے، 2 صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا واحد مقصد دباؤ بڑھا کر نااہلی اور گرفتاری سے بچنا ہے۔
نىئ حکومت اپنے انتخاب کاجواز ڈھونڈتےاپنی ٹرم اورقوم کا قیمتی وقت ضائع کردیگی
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) December 19, 2022
استحکام کیلئے غیرمتنازعہ انټخابات کاانعقاد لازم ھے
نااھلی اور گرفتاری سےڈرنے کی بجاۓ مقدمات کاعدالت میں سامنا کریں
سچے ھیں توڈرکیسا؟
قومی اسمبلی میں آئیں
سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کرکےھی راستہ نکلےگا
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ فرد واحد کی ضد کے تابع 2 صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کروائے گئے تو ان کے نتائج متنازعہ ہی رہیں گے، اور اس کے نتیجے میں عام انتخابات بھی متنازعہ بن جائیں گے۔