لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی شدید دھند کا راج ہے جس کے باعث موٹرویز سمیت اہم شاہراہیں سفر کیلئے بند کر دی گئ ہیں۔
ترجمان موٹر ویز پولیس کے مطابق لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے رجانہ جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے کے باعث بند کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے اسلام آباد تک جبکہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹر وے ایم فائیو کو بھی شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب جھنگ ، سانگلہ ہل، دیپالپور، پیرمحل، جڑانوالہ اور گردونواح کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔