لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے خرم شیر زمان نے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی رہنما نے بلدیاتی انتخابات اور کراچی کی صورتحال سے آگاہ کیا، عمران خان نے انہیں بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت کر دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دیمک کی طرح سندھ کو کھا رہی ہے، صوبے میں عمران خان ہر گھر جائیں گے، پی ٹی آئی کو سندھ میں مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، گورنر ہائوس کو 90 میں تبدیل کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الطاف حسین والا کردار کامران ٹیسوری کر رہے ہیں، پی ڈی ایم والے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، الیکشن میں ہمیں کسی دو نمبر سیاسی جماعت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہم جیتیں گے اور میئر ہمارا ہو گا، پی ٹی ائی کے خوف سے ایم کیو ایم، پی پی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ہم نے شہر کے حوالےسے اپنا منشور ہر آدمی تک پہنچایا، بلدیاتی الیکشن اہم ہیں، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سےعوام کو فائدہ ہو گا۔