مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات 2022ء کے بعد مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان نے بتایا ہے کہ مختلف کونسلز میں خواتین، یوتھ اور کسانوں کی نشستوں پر انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 18سے 19 جنوری 2023ء دن 3 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق 20 جنوری کو ان کاغذات کی جانچ پڑتال اور سکروٹنی کی جائے گی، 21سے 23 جنوری تک کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف ٹریبونل کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
محمد غضنفر خان نے بتایا کہ 24 اور 26 جنوری کو ان اپیلوں پر فیصلے دیئے جائیں گے، 27 جنوری کو دن 2 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے، 27 جنوری دن 2 بجے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر یکم فروری 2023 کو دن 10 بجے سے سہ پہر 2 بجے تک پولنگ ہو گی۔