لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی، جہالت اور غلامی کا نام پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی ہے، جماعت اسلامی کشمیر کو آزاد اور عافیہ کو ملک میں لائے گی۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ آج لاہور میں روٹی کی قیمت 16 روپے اور نان 30 روپے کا ہو گیا، آٹا 150، پیاز 250 خوردنی تیل 550 کا ہو گیا ہے، لوگوں کیلئے جینا مشکل اور فٹ پاتھوں پر مانگنے والوں کا اضافہ ہو رہا ہے، ایٹمی اور زرعی ملک ٹرائیکا کی وجہ سے مشکل میں ہے، عمران خان نے اپنی دو اسمبلیاں توڑیں اور پی ڈی ایم ان کے ممبران کے استعفے منظور کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ ہم مہنگائی کو کم کریں گے، اسحاق ڈار نے کہا کہ میں ڈالر کی قیمت کم کروں گا، آج چھ ہزار کنٹینر کراچی میں کھڑے ہیں اب تو خواتین بھی ٹرکوں کے پیچھے بھاگ کر آٹا لینے کی کوشش کر رہی ہیں، کراچی میں ایک غریب آٹے کے حصول کیلئے جان کی بازی ہار گیا، انہوں نے عدالتوں کو بے توقیر کیا اداروں کو تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شلوار قمیض کو پوری دنیا میں بدنام کیا، پاکستان کا کل بجٹ باہر کے قرضوں پر بنتا ہے، آج وقت یہ آگیا ہے کہ وزیر اعظم کا فون کوئی ملک کا لیڈر نہیں اٹھاتا ہے، ستر ہزار بچے اور بچیاں نشہ کے عادی ہو گئے ہیں، وسائل کی کمی نہیں مینجمنٹ کا مسئلہ ہے، قومی اور صوبائی اسمبلی میں تماشا لگا ہے معاشی دہشتگردوں کے خلاف اب نکلنے کا وقت آگیا ہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اداروں، توشہ خانہ اور بینکوں کو لوٹا اگر احتساب ہو تو یہ سب جماعتوں کے لوگ اڈیالہ میں ہوتے، ریمنڈ ڈیوس اور ابھی نندن کو پروٹوکول کے ساتھ واپس بھیجا یہ اپنے مفادات کیلئے لڑتے ہیں، آپس میں اتفاق ہے کہ عوام بدحال ہی رہے، ہم مہنگائی کو ختم کر سکتے ہیں۔