نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی امریکا سے تعلیم یافتہ ہیں

Published On 22 January,2023 09:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے نامزد کیے گئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی امریکا سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔

محسن رضا نقوی نے کریسنٹ ماڈل سکول اور بعد میں گورنمنٹ کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکا چلے گئے، میامی میں رہتے ہوئے انہوں نے CNN میں انٹرن شپ کے ذریعے صحافت کا تجربہ حاصل کیا اس دوران وہ ایک پروڈیوسر کے عہدے پر فائز رہے، پاکستان میں CNN کے نمائندے کے طور پر خدمات بھی سرانجام دیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی پاکستان میں ایک معروف میڈیا گروپ کے مالک ہیں، ان کو اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ مقرر کر دیا

پنجاب میں مسلسل تیسری بار اپوزیشن کے نامزد امیدوار کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے، تیسری بار ایک صحافی کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے، اس سے قبل 2018ء میں بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے صحافی حسن عسکری کو نگران وزیر اعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کا گزشتہ روز ہی اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کی مخالفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے پنجاب میں بہترین نام دیئے، نگران وزیر اعلیٰ وہ ہوتا ہے جو نیوٹرل ہو، اگر نیوٹرل شخص کو نگران وزیر اعلیٰ سلیکٹ نہ کیا تو قبول نہیں کریں گے۔