اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ قرآن کی توہین کا عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبک ہے، یہ غیر اخلاقی واقعہ بلاوجہ اشتعال انگیزی اور دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دیتی، اسلام دنیا کے تمام مذاہب کے لیے عزت اور احترام کی تلقین کرتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس گھناؤنے فعل نے مسلمانوں کو ان کی مقدس اقدار کی توہین کرکے دکھ پہنچایا ہے، یہ عمل دُنیا میں اسلامو فوبیا کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے ، صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ عزم کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نفرت کے نظریے کو فروغ دینے والے اور انتہا پسند اور بنیاد پرست عناصر کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔