مری: (دنیا نیوز) مری میں برفباری کے سلسلہ میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کے دوران سیاحوں کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ برفباری کے دوران مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ نظر آنی چاہیے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں اور متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود رہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بندش کی صورت میں فی الفور ضروری مشینری استعمال میں لائی جائے، برفباری کے دوران سیاحوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے مری کے شہریوں اور سیاحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے برفباری اور ٹریفک کی صورتحال سے باخبر رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ سینئر افسران خود فیلڈ میں رہ کر تمام انتظامات کا جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں۔