پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

Published On 09 February,2023 01:39 pm

راولپنڈی : (دنیا نیوز) پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سر گرمیاں جاری ہیں ، پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 17مزید لاشیں ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیں ۔

پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے زندہ افراد کا تین مقامات پر تعین کر لیا ، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ترکیہ کے صوبہ ادیامان میں ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

شدید سرد موسم کے باوجود پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شب وروز جاری ہیں ، گزشتہ شب ادیامان میں منفی 8ڈگری درجہ حرارت کے باوجود پاک فوج نے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں ۔

ترک عوام اور ملبے تلے دبے افراد کے اہل خانہ نے پاک فوج کی خدمات کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ، 7.8 شدت کے زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی ، دونوں ممالک میں ہلاکتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ  ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔


 

Advertisement