اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، سکردو، مری، گلیات، ایبٹ آباد اور گردونواح میں محسوس کیے گئے، سوات، شانگلہ، بونیر اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8 اور زیر زمین گہرائی 159 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور سنکیانگ کا سرحدی علاقہ تھا جہاں زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، حکام کے مطابق زلزلے کے باعث تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔



