اسلام آباد: (دنیا نیوز) وکی پیڈیا کی بندش پر ہونیوالے اجلاس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی ویب سائٹ کی بندش سے قبل وزارت آئی ٹی سے مشاورت لازمی ہوگی۔
وکی پیڈیا کی بندش پر وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کی زیر صدارت وزارتی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر شریک ہوئے ۔
اس موقع پر سید امین الحق نے کہا کہ کسی بھی ویب سائٹ کی بندش سے قبل وزارت آئی ٹی سے مشاورت لازمی ہوگی، ویب سائٹ بندش کا مطلب ڈیجیٹل دنیا سے رابطہ منقطع اور سماجی و معاشی نقصان کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کے مخالف ہیں جس سے ملک کی تعمیر و ترقی کا عمل مفلوج ہوتا ہو، عوام میں شعور بیدار کیا جائے کہ غیر اخلاقی اور مذہبی منافرت والی ویب سائٹس کو وزٹ نہ کریں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پی ٹی اے حکام کسی جانب سے ملی ہدایات پر وزارت قانون سے تجاویز طلب کر سکتے ہیں، قانون میں ایسی ترامیم کی ضرورت ہے جس سے کوئی بھی ویب سائٹ کی مکمل بندش نہ کر سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وکی پیڈیا کھولنے کی تائید کرتے ہیں۔