اسلام آباد:( دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت کے خط کے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے خط میں نامناسب الفاظ استعمال کئے، ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا جواب تیار کر لیا ہے، الیکشن کمیشن آج ہی جواب دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، انتخابات بارے ہنگامی اجلاس کی دعوت
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق صدر کی دعوت پر ایوان صدر جائیں گے، دیکھنا ہو گا صدر کو تاریخ دینے کا آئینی اختیار ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی گئی تھی۔
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔