کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں بارکھان واقعے کے خلاف دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، خان آف قلات کے بھائی سینیٹر آغا عمر احمد زئی نے ریڈزون میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
آل پاکستان مری اتحاد کے رہنما مہر دین مری نے کہا کہ ہمارے مطالبات پورے ہوگئے ہیں، ہم دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، ہمارے دوسرے مطالبات بھی تسلیم کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کی گرفتاری اور خان محمد مری کی فیملی بازیاب ہو گئی ہے۔
چیئرمین مری اتحاد نے کہا کہ ہمارے ساتھ صوبائی حکومت نے کوئی تعاون نہیں کیا، حکومت سردار عبدالرحمان کھیتران کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
مہر دین مری نے کہا کہ ہم آئی جی پولیس کے مشکور ہیں جنہوں نے مغویوں کو بازیاب کرایا اور دیگر مطالبات مانے، لاشوں کو ڈی این اے کے لیے لے جارہے ہیں، تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، گراں ناز اور اس کی بیٹی کو کراچی میڈیکل کے لیے لے جائیں گے۔